دفاعی طاقت میں اضافہ کریں گے: ایرانی پاسداران انقلاب

تہران، 20 دسمبر، ارنا - ایرانی پاسداران انقلاب فورسز (IRGC) کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا ہے کہ پابندیوں سے ایران کی دفاعی صلاحیت ہرگز متاثر نہیں ہوگی بلکہ ہم اپنی دفاعی طاقت میں مزید اضافہ کریں گے.

بریگیڈیئر جنرل ''حسین سلامی'' نے جمعرات کے روز ارنا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاسداران انقلاب کی عسکری طاقت میں ماضی کی بہ نسبت مزید اضافہ ہوگا.
انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے دور میں اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی طاقت میں ترقی ہوئی ہے جبکہ انقلاب کے بعد ایران کے دفاعی اور عسکری امور سے متعلق بیشتر شعبوں پر پابندیاں عائد ہوئیں جو ابھی تک جاری ہیں.
بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ آج ایران کی بڑھتی ہوئی عسکری طاقت کی ایک اصل وجہ پابندیوں کے دور میں وطن عزیز کے دفاعی سائنسدانوں اور ماہرین کی جد و جہد ہے جنہوں نے اندرونی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دفاعی کامیابیاں حاصل کیں.
انہوں نے مزید کہا کہ یقینا پابندیوں کے باوجود ایران بالخصوص سپاہ پاسداران کی عسکری طاقت میں مزید اضافہ ہوگا.
جنرل سلامی نے اس بات پر زور دیا کہ دفاعی طاقت میں اضافہ ہماری سب سے اہم ترین ترجیح ہے لہذا سپاہ پاسداران فورسز کی جانب سے ملکی طاقت کو مزید ناقابل تسخیر بنانے کا عمل جاری رہے گا.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@