ترکی کیساتھ تعاون کے فروغ کیلئے کوئی حد مقرر نہیں: اعلی ایرانی عہدیدار

تہران، 15 دسمبر، ارنا - ایرانی صدر کے چیف اسٹاف نے ترک صدر کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ کے لئے کوئی حد مقرر نہیں ہے.

''محمود واعظی'' نے دورہ ترکی کے موقع پر صدر ''رجب طیب اردوان'' کے ساتھ ملاقات کی جس میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا.
اس موقع پر واعظی نے ترک کمپنیوں کی ایران میں سرمایہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے لئے کوئی حد مقرر نہیں ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ ترکی ہمارا برادر اور دوست ہمسایہ ملک ہے اور ایران، ترکی کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے آمادہ ہے.
واعظی نے دونوں ممالک کے مابین طے پانے والے معاہدوں کے جلد نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کے صدور دوطرفہ تعلقات کے امور، علاقائی اور عالمی مسائل پر مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں.
اس موقع پر ترک صدر نے ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی کے آئندہ دورہ ترکی سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے سنہری موقع فراہم ہوگا.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@