صہیونیوں کا مکروہ خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا: قاسمی

تہران، 14 دسمبر، ارنا - ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ناجائز صہیونی ریاست کے حکمرانوں کا مکروہ خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا.

یہ بات ''بہرام قاسمی'' نے صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو کی حالیہ ہزرہ سرائی کے ردعمل میں کہی جس میں نیتن یاہو نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے اندر فوجی کاروائی کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا.
قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ ناجائز صہیونی ریاست جو علاقائی مشکلات اور بحرانوں کی اصل جڑ ہے وہ انتہائی بے شرمی اور مضحکہ خیز انداز میں علاقائی استحکام کے لئے پریشان ہونے کا ڈرامہ کررہی ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف قدم اٹھانے کے لئے صہیونیوں جیسے جابر اور فاسد حکمرانوں میں جرات نہیں تاہم ایران جیسے خودمختار اور آزاد ملک کے خلاف ایسی ہرزہ سرائیاں دھمکیوں کے زمرے میں آتی ہیں جنہیں ہم یقینی طور پر عالمی فورم میں اٹھائیں گے.
بہرام قاسمی نے کہا کہ خطی مشکلات اور بحرانوں کی اصل وجہ صہیونیوں کی جارحیت اور ان کا ناجائز قبضہ ہے. صہیونیوں نے مشرق وسطی میں غریب قوموں پر متعدد جنگیں مسلط کیں، لاکھوں انسانوں کا قتل عام کیا اور اب ڈرامائی انداز میں خطی استحکام کے لئے پریشانی کا اظہار کررہے ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی حکمران آج مقبوضہ علاقوں میں اسلامی مزاحمتی فرنٹ اور گروہوں کے سامنے بے بس ہوچکے ہیں اور انھیں اس بات کا بھی اچھی طرح علم ہے کہ وہ ایران کی بڑھتی ہوئی دفاعی اور عسکری طاقت کے پیش نظر ہمیں نہیں ڈرا سکتے بلکہ ہم تمام ممکنہ خطرات کا ایسا دندان شکن جواب دیں گے جس سے دشمن کو پچھتاوا ہوگا.
انہوں نے کہا کہ ایران ایک تاریخی اور قدیم تہذیب رکھنے والی ریاست ہے اور ہمارے عوام مہذب اور سرخرو ہیں جن کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جنگ، علاقائی امن و سلامتی اور خوشحالی کے لئے جد و جہد جاری رہے گی.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@