12 دسمبر، 2018، 1:51 PM
News ID: 3661116
T T
0 Persons
امریکہ ہرگز ایران پر غلبہ نہیں پاسکتا: آیت اللہ خامنہ ای

تہران، 12 دسمبر، ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے فرمایا ہے کہ امریکی حکمران گزشتہ چار دہائیوں سے یہ کوشش کررہے ہیں کہ ایران پر حاوی ہوں مگر قطعی طور پر وہ ہم پر ہرگز غلبہ نہیں پاسکتے.

ان خیالات کا اظہار قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی ''سید علی خامنہ ای'' نے بدھ کے روز تہران میں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ایک ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کیا.
انہوں نے مزید فرمایا کہ امریکہ چالیس سالوں سے یہ کوشش کررہا ہے کہ اسلامی انقلاب سے پہلے کی طرح ایران پر حاوی ہو مگر اس کی یہ خواہش ہرگز پوری نہیں ہوگی.
قائد انقلاب نے فرمایا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ جس طرح اس نے خطے کے بعض کمزور ممالک کے لئے حالات پیدا کئے ہیں اسی طرح ایران جیسے بڑے اور باعزت ملک کو بھی ان حالات کا شکار کرے مگر وہ ہرگز اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا.
انہوں نے مزید فرمایا کہ دشمن چاہتا ہے کہ ایران کی عالمی قوتوں کے سامنے مزاحمت اور ترقی کو روکے جبکہ ایرانی عوام ثابت قدمی کے ساتھ میدان میں حاضر ہیں اور وہ ماضی کی طرح اس سال بھی اسلامی انقلاب کی 40ویں سالگرہ کا غیرمعمولی انداز جشن منائیں گے.
آیت اللہ خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ عوام بیدار رہیں اور ملکی حکام بھی اپنی کوششیں میں اضافہ کریں.
انہوں نے فرمایا کہ دشمن کے عزائم تو بے نقاب ہوچکے ہیں مگر اس کے باوجود ہمیں ہوشیار رہنا ہوگا کیونکہ امریکہ ایک خبیث اور مکار دشمن ہے اور ممکن ہے کہ اس کا یہ دعویٰ کہ وہ رواں سال ایران میں افراتفری پیدا کرے گا، ایک چال ہو اور در اصل وہ چاہتا ہو کہ آئندہ سال ایران میں تخریب کاری کروائے.
ایرانی سپریم لیڈر نے سعودیوں کی جانب سے اسلام دشمنوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید فرمایا کہ آل سعود یمن میں جرائم کی مرتکب ہورہی ہے او امریکہ اس جرم میں برابر کا شریک ہے.
انہوں نے فرمایا کہ سعودی عرب کا خیال تھا کہ وہ صرف چند ہفتوں میں یمن پر مسلط ہوسکتا ہے جبکہ اس جنگ سے چار سال بیت گئے اور وہ کچھ نہ کرسکا اور جیسا جیسا وقت گزرتا جارہا ہے سعودیوں پر حالات مشکل ہوتے جارہے ہیں.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@