علاقائی ممالک کے متحدہ محاذ کی تشکیل کی ایرانی صدر کی بجا تجویز

اسلام آباد، 11 دسمبر، ارنا - مشہور پاکستانی اخبار ''نوائے وقت'' نے علاقائی ممالک کے متحدہ محاذ کی تشکیل کی ایرانی صدر کی تجویز کو بجا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت متحد نہ ہوئے تو امریکہ ایک ایک کرکے سب کو نقصان پہنچائے گا.

اردو اخبار ''نوائے وقت'' نے منگل کے روز اپنے اداریہ میں لکھا ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر ''حسن روحانی'' نے تہران میں دوسری اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی پابندیوں کو اقتصادی دہشت گردی قرار دیا اور یہ تجویز پیش کی ہے کہ خِطے کے اہم ممالک پاکستان، چین، روس، ایران، ترکی اور افغانستان متحدہ محاذ تشکیل دیں. اداریہ کے مطابق، برادر ہمسایہ مسلم ملک ایران کے صدر نے خطے کے اہم ممالک کے متحدہ محاذ کی تشکیل کی بروقت اور بجا تجویز پیش کی ہے جو حالات کا اہم تقاضا ہے. انہوں نے جن ملکوں کا نام لیا ہے امریکہ نے ان میں سے سبھی پر کسی نہ کسی قسم کی پابندیاں لگائی ہیں. ان پابندیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں پاکستان اور ایران سرفہرست ہیں. امریکہ نے افغانستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے، اس بدقسمت ملک میں امن و استحکام کی کوئی اُمید باقی نہیں رہی اور ترقی کا سفر دور دور تک شروع ہوتا نظر نہیں آتا. چین کی مصنوعات کی درآمدات پر بلاجواز ٹیکس نافذ کرنے کی دھمکی دے دی جو چین کی معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے. اسی طرح ترکی میں تخریبی سرگرمیوں کے الزام میں نظربند امریکی پادری کی رہائی کیلئے دبائو ڈالنے کیلئے اقتصادی پابندیاں لگا دیں جس سے ترکی لیرے کی قیمت بری طرح متاثر ہوئی. اس صورتحال کے پیش نظر ایرانی صدر کا امریکی پابندیوں کو دہشت گردی قرار دینا مبنی برحقائق ہے. امریکی اقدامات کا واحد مقصد علاقے میں ایک مخصوص ملک کو سُپرپاور بنانا ہے. اس کیلئے وہ ہر اُس معیشت کو تہس نہس کرنے کی کوشش کرے گا جو اس مخصوص ملک کے مقابلے میں سراُٹھاتی نظر آئے گی. ایرانی صدر نے جن ممالک کے لئے یہ تجویز پیش کی ہے، ان کی قیادتوں کو وقت ضائع کئے بغیر اس پر سنجیدگی سے غورکرنا چاہئے. اگر وہ بر وقت متحدہ نہ ہوئے تو امریکہ ایک ایک کر کے سب کو نقصان پہنچائے گا. 274** ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@