پاکستان میں میڈیا اور خواتین پر عالمی کانفرنس، ارنا کی نمائندہ شریک

کراچی، 8 دسمبر، ارنا - پاکستان کے جنوبی شہر ''کراچی'' میں میڈیا میں خواتین کے کردار پر پہلی بار عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں 22 ممالک بشمول اسلامی جمہوریہ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کی خاتون نمائندہ شریک ہیں.

تفصیلات کے مطابق، اس کانفرنس میں ''کبریٰ آقازری'' ایران کے قومی خبررساں ادارے (IRNA) کی نمائندگی کررہی ہیں جو کانفرنس سے خطاب بھی کریں گی.
پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور سندھ گورنر ہاوس کے مشترکہ تعاون سے میڈیا اور خواتین کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں پاکستان اور ایران سمیت نیپال، کینیڈا، سوئڈن، ڈنمارک، امریکہ، بنگلہ دیش، بھارت، برطانیہ، آئرلینڈ، ترکی، ملائیشیا، رومانیہ، افغانستان، فرانس،یونان، اسپین، کویت، تھائی لینڈ، سری لنکہ اور سنگاپور کے نمائندے شریک ہیں.
اس کانفرنس کی افتتاحی تقریب جمعہ کی شام کو منعقد ہوئی اور یہ 10 دسمبر تک جاری رہے گی.
اس سے پہلے کانفرنس کے غیرملکی مندوبین نے کراچی میں پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دے کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا.
کراچی کی عالمی کانفرنس کا مقصد میڈیا میں خواتین کے کردار کو اُجاگر کرنا ہے اور اس دوران میڈیا کی تیزی سے پیشرفت بالخصوص خواتین کی ترقی، میڈیا میں پیشہ وارانہ سرگرمیوں اور اخلاقی اصول، خواتین صحافیوں کو درپیش مسائل اور امن و دوستی کے حوالے سے میڈیا کے کردار پر بحث کی جائے گی.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@