سی پیک میں سعودی عرب سمیت کسی ملک کی شمولیت پر کوئی اعتراض نہیں:ایرانی سفیر

اسلام آباد، 5 اکتوبر،ارنا۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیرنے دو ٹوک الفاظ میں واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے(سی پیک) میں سعودی عرب سمیت کسی ملک کی شمولیت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

یہ بات پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر 'مہدی ہنردوست' نے کوئٹہ کے پانچ روزہ دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنا اکنامک کوریڈور منصوبہ، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایک کلیدی اور گیم چینجر منصوبہ ہے۔
ہنردوست نے مزید کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں اس منصوبے میں سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک کی سرمایہ کاری یا شراکت داری پر کوئی اعتراض نہیں ہے، سی پیک محض ایک تجارتی یا کاروباری منصوبہ نہیں بلکہ یہ خطے کے ممالک کو متحد ہونے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران اقتصادی شراکت دار اور برادر اسلامی ممالک ہیں، جو دہائیوں سے قائم باہمی تعلقات سے بندھے ہوئے ہیں،ہم پاکستان کو ایک مستحکم اور خوشحال دوست ملک کے طور ہر دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اورایران ایک صفحے پر ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔


9467*
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@