ایران کی یمن کیخلاف بڑھتی ہوئی سعودی جارحیت کی شدید مذمت

تہران، 27 جون، ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران نے یمن میں نہتے عوام پر سعودی عرب اور امارات کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت اور سویلین آبادی پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.

ترجمان دفترخارجہ 'بہرام قاسمی' نے اپنے ایک بیان میں سعودی قیادت میں فوجی اتحادی کی فضائی حملوں کے نتیجے میں درجنوں یمنی سویلین کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا.

انہوں نے مزید کہا کہ یمن میں سویلین آبادی اور رہائشی علاقوں پر غیرملکی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے نہتے عوام بالخصوص عورتیں اور بچے نشانہ بن رہے ہیں.

قاسمی نے کہا کہ صعدہ اور الحدیدہ میں رہائشی مکانات اور پناہ گزینوں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا اور یہ بزدلانہ کاروائی جارحیت کرنے والوں کی شکست کی علامت ہے.

انہوں نے مغربی ممالک کی جانب سے سعودی عرب کی حمایت اور اسے اسلحہ فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی اور اماراتی ہاتھوں یمنی عوام کے قتل عام کو بند کروائیں.

ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ یمن میں سویلین پر حملے اور امدادی کاروائیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کے اقدامات عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے لہذا اقوام متحدہ اور دیگر موثر کردار کرنے والے ممالک یمنی عوام بالخصوص عورتیں اور بچوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تعاون کریں.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@