یورپ، ایران جوہری معاہدے کیلئے مزید قربانی دے: عراقچی

تہران، 22 جون، ارنا - اعلی ایرانی سفارتکار نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ اگر وہ ایران جوہری معاہدے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے انھیں مزید قربانیاں دینا ہوں گی.

یہ بات ایرانی وزیر خارجہ کے معاون خصوصی ''سید عباس عراقچی'' جو سنیئر جوہری مذاکرات کار بھی ہیں، نے یورو نیوز کو خصوصی انٹریو دیتے ہوئے کہی.

انہوں نے مزید کہا کہ اگر جوہری معاہدے کے فریق یورپ سمیت دیگر دستخط کرنے والے اس معاہدے کو تحفظ فراہم کرنے کے خواہاں ہیں تو انھیں مزید قربانی دینی ہوگی.

عراقچی نے کہا کہ آج جوہری معاہدے کی صورتحال آئی سی یو میں موجود مریض کی طرح ہے، اس بیمار معاہدے نے اپنے استحکام کی اصل بنیاد کھو دی ہے اور اس کی وجہ امریکہ کی علیحدگی ہے.

انہوں نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کی جوہری معاہدے علیحدگی اور ایران پر نئی پابندیوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کریں.

سید عباس عراقچی نے کہا کہ جوہری معاہدہ اور پابندیاں ایک ساتھ نہیں چل سکتے. آج ایرانی عوام کا یورپ پر بھروسہ اٹھ رہا ہے لہذا یورپ کو چاہئے کہ ایرانی قوم کو اعتماد میں لے.

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جوہری معاہدے کا من و عن نفاذ ایران کی اولین ترجیح ہے اور ہمارے لئے یہ بات اہمیت رکھتی ہے.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@