ایرانی عوام دھمکیوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے: صدر روحانی

تہران، 23 مئی، ارنا - صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ ہماری قوم نام نہاد دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں کیونکہ ایرانی عوام کی حیثیت واشنگٹن میں بیٹھے ڈونلڈ ٹرمپ، مائیک پومپیو اور جان بولٹن جیسے انتہاپسند افراد سے بڑھ کر ہے.

یہ بات ڈاکٹر 'حسن روحانی' نے مختلف قومی ٹیموں کے کھیلاڑیوں کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کہی.

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج واشنگٹن میں مٹھی بھر کے انتہاپسند افراد جیسے ٹرمپ، جان بولٹن اور پومپیو موجود ہیں جبکہ ایرانی قوم کا مقام ان سے دوگنا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مسٹر ٹرمپ کو کہنا چاہتے ہیں کہ ایرانی قوم آپ کے سامنے فاتح ہوگی اور انھیں ہر مرحلے میں کامیابی ملے گی.

ڈاکٹر روحانی نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں امید اور خوشحالی کی فضا قائم ہو تو تمام مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے.

انہوں نے عالمی اور علاقائی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں ایرانی کھیلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ فٹ بال ورلڈکپ میں ایرانی قومی ٹیم کی موجودگی باعث فخر ہے.

ایرانی صدر نے کھیلوں کے مقابلوں میں خواتین کی شرکت اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کی ماؤں کی جد و جہد کی بدولت ہمارے کھیلاڑی تمام میدانوں میں کامیاب ہورہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ اگر اسلام کو دنیا کے سامنے روشناس کرانا ہے تو ہمیں یہ دیکھانا ہوگا کہ اسلام میں خواتین کے معاشرے میں کردار ادا کرنے پر کوئی قدغن نہیں ہے.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@