پاکستان کا ایران کیساتھ میڈیا سفارتکاری کو فروغ دینے پر زور

اسلام آباد، 17 مئی، ارنا - پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ میڈیا شعبے میں تعاون کو بڑھانے بالخصوص خطے میں میڈیا سفارتکاری سے متعلق مشترکہ اقدامات کے فروغ پر زور دیا ہے.

یہ بات پاکستان کے وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات 'شفقت جلیل' نے اسلام آباد کے دورے پر آئے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی خبررساں ادارہ (IRNA) کے ڈائریکٹر جنرل فارن نیوز 'فردین پازوکی' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.

اس ملاقات میں ایرانی سفارتخانے کے میڈیا اتاشی سید عباس بدری فر اور اسلام آباد میں ارنا نیوز ایجنسی کے بیورو چیف سید بہادر حسینی بھی شریک تھے.

پاکستانی سیکریٹری اطلاعات نے اسلام آباد کی حالیہ دو روزہ عالمی نیوز ایجنسیز کانفرنس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندوں کی شرکت بالخصوص اختتامی اعلامیہ کے لئے ایرانی تجاویز کا شکریہ ادا کیا.

انہوں نے مزید کہا کہا ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے برادر ملک ہیں، عالمی میڈیا ان ممالک اور عوام سے متعلق اچھی رپورٹس شائع نہیں کرتے لہذا ایران اور پاکستان کو چاہئے کہ دوطرفہ اور علاقائی سطح پر میڈیا شعبے میں آپس کے تعاون کو مزید فروغ دیں.

شفقت جلیل نے ارنا نیوز ایجنسی اور پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی (اے پی پی) کے درمیان تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے قریبی تعاون سے ایران اور پاکستان کے خلاف مغرب کی میڈیا یلغار کو ناکام بنایا جاسکتا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ایران میں قومی خبررساں ادارے (APP) کے دفتر کھولنے پر غور کررہی ہے جس کے بعد ہم قومی نشریاتی ادارے (PTV) کے نمائندہ بھی ایران بھیجنے پر کام کریں گے.

ارنا نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل فارن نیوز فردین پازوکی نے اس موقع پر عالمی نیوز ایجنسیز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر حکومت پاکستان بالخصوص اے پی پی کو مبارکباد پیش کی.

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 25 سال سے ارنا نیوز ایجنسی کا بیورو آفس قائم ہے اور ارنا نے تین سال پہلے سے اپنی اردو سروس کا بھی آغاز کیا جس کا اصل مقصد پاکستان کے عوام کو ایران کے حوالے سے درست خبریں مہیا کرنا ہے.

اس کے علاوہ فردین پازوکی نے پاکستانی محکمہ اطلاعات و نشریات کے ادارہ ایکسٹرنل پبلیسٹی ونگ کے ڈائریکٹر جنرل 'ظہور احمد برلاس' کے ساتھ بھی الگ ملاقات کی.

فریقین نے اس موقع پر پاک ایران تعلقات بالخصوص میڈیا شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا.

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلیسٹی ونگ نے کہا کہ ہم ایرانی دارالحکومت تہران میں پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی، اے پی پی کے دفتر کھولنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں.

انہوں نے ایران اور پاکستان کی جانب سے خطے میں ایک مضبوط میڈیا بلاک تشکیل دینے پر زور دیا.

فردین پازوکی نے اس ملاقات میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں بعض عناصر اور خصوصی طور پر مغربی میڈیا ایران اور پاکستان کے بارے میں منفی سوچ کے تحت خبریں چلاتے ہیں لہذا دونوں ممالک کو چاہئے کہ قریبی تعاون کے ذریعے ان سازشوں کا ناکام بنادیں.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@