فلسطینیوں کی حمایت عالم امن و سلامتی کی حمایت کے مترادف ہے: روحانی

تہران، 15 مئی، ارنا - صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت، انسانیت اور عالمی امن و سلامتی کی حمایت کے مترادف ہے.

یہ بات ڈاکٹر 'حسن روحانی' نے منگل کے روز تہران میں نیپال کی نئی سفیر کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.

اس موقع پر خاتون نیپالی سفیر نے اپنی اسناد تقرری صدر اسلامی جمہوریہ ایران کو پیش کیں.

صدر روحانی نے کہا کہ فلسطینی قوم کی حمایت دنیا میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کے عمل کی حمایت کے مترادف ہے لہذا ہم سبھی بالخصوص غیروابستہ تحریک ممالک (NAM) کا فرض ہے کہ فلسطینیوں کو درپیش جرائم کے خلاف آواز اٹھائیں.

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے ممالک بالخصوص دوست ریاستوں میں قیام امن و سلامتی کا فروغ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے. اس حوالے سے ہم تعمیری اور مثبت تعاون کو بڑھانے کے لئے آمادہ ہیں.

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران، تمام عالمی ادارے بالخصوص اقوام متحدہ، غیروابستہ تحریک اور گروپ 77 کے ساتھ تعاون کی توسیع کا خواہاں ہے.

انہوں نے مقبوضہ فلسطین میں جاری غاصب صہیونیوں کے ہاتھوں نہتے عوام کے قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اس کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہئے.

اس ملاقات میں نیپالی سفیر 'سوا لمسال' نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ باہمی تعلقات کی توسیع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیپال کی جانب سے فلسطینی قوم کی حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@