ایران کی کابل میں خودکش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت

تہران، 1 مئی، ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران نے گزشتہ روز افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے خودکش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.

کابل حملوں میں صحافیوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے.

ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان 'بہرام قاسمی' نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی.

انہوں نے نہتے عوام بالخصوص صحافی برادری کے خلاف دہشتگردوں کی سفاکانہ کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ افغانستان میں قیام امن و سلامتی کے لئے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ اقدامات کرے.

قاسمی نے کہا کہ یقینا نہتے عوام کے خلاف اور خطے کو مزید بدامنی کا شکار کرنے کے مقصد سے دہشتگردوں کی سازشوں جن کو مخصوص فریقین کی پشت پناہی حاصل ہے، ناکام رہیں گی.

یاد رہے کہ کابل اور قندھار میں خودکش بم دھماکوں کے نتیجے میں صحافیوں سمیت 41 افراد جاں بحق ہوگئے.

رپورٹس کے مطابق پہلا دھماکہ ششدرک کے علاقے میں افغان خفیہ ایجنسی 'این ڈی ایس' کے دفتر کے قریب ہوا، جبکہ دوسرا دھماکہ 20 منٹ بعد وزارت شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر اُس وقت ہوا، جب وہاں صحافی اور سیکیورٹی اہلکار موجود تھے.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@