پاکستان میں 6 ملکی اسپیکرز کانفرس کا اختتام، اگلا اجلاس ایران میں ہوگا

اسلام آباد، 25 دسمبر، ارنا - پاکستان میں 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس کا اختتام ہوگیا جس میں ایران، پاکستان، روس، چین، ترکی اور افغانستان کے اسپیکروں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ اس فورم کا اگلا اجلاس تہران میں منعقد ہوگا.

تفصیلات کے مطابق، پاکستانی پارلیمنٹ کی میزبانی میں اتوار کے روز انسداد دہشتگردی اور علاقائی تعاون پر 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایران کی اسلامی مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے اسپیکر 'علی لاریجانی' بھی شریک تھے.

اسپیکرز کانفرنس کی افتتاحی نشست کے بعد دو خصوصی سیشن منعقد کئے گئے جس میں اسپیکروں اور ان کے ہمراہ اعلی سطح وفود نے خطے میں دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل، پارلیمنٹ کے کردار اور علاقائی تعاون کے ذریعے اجتماعی ترقی کے حصول کے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا.

اس موقع پر ایرانی اسپیکر علی لاریجانی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس کا اگلا دور کا انعقاد تہران میں ہوگا.

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کانفرنس میں شریک اپنے ایرانی، روسی، چینی، ترک اور افغان ہم منصوبوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکروں نے دہشتگردی سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا.

خیال رہے کہ ایرانی اسپیکر ایک اعلی سطح پارلیمانی وفد کی قیادت میں ہفتہ کے روز اسلام آباد پہنچ گئے. علی لاریجانی نے اس کانفرنس کے موقع پر پاکستانی چیئرمین سینیٹ اور اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقاتیں کیں.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@