صہیونی فوج کی فلسطینی مظاہرین سے جھڑپیں، دو فلسطینی شہید ایک ہزار سے زائد زخمی

تہران، 9 دسمبر، ارنا - فلسطینی نیوز ایجنسی صفا نے وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کے روز کو ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران صہیونی فورسز نے دو فلسطینیوں کو شہید کردیا جبکہ گیارہ سو سے زائد زخمی ہوگئے.

تفصیلات کے مطابق، حالیہ دنوں میں فلسطینیوں اور صہیونی فوجیوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں بیت المقدس میں 935 افراد جبکہ غزہ کی پٹی میں 179 افراد زخمی ہوگئے ہیں.

بیت المقدس کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی شیطانی سازش کے خلاف فلسطین کے بعض مقامات بالخصوص مغربی کنارے میں ہزاروں فلسطینی شہریوں نے گزشتہ روز نے نماز جمعہ کے بعد سامراجی قوتوں بالخصوص امریکہ اور غاصب صہیونی ریاست کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے.

فلسطینیوں کی جانب سے نئی تحریک شروع کرنے کے باعث غاصب صہیونی حکمران اور فورسز نے غرب اردن میں مزید سینکڑوں فوجی تعینات کر دیے ہیں.

اس طرح ایک بار پھر فلسطین کے علاقے میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے. اب جو کشیدہ صورت حال پیدا ہوئی ہے گمان ہے کہ جب تک ڈونلڈ ٹرمپ اپنا یہ فیصلہ واپس نہیں لیتے تب تک مقبوضہ فلسطین میں حالات معمول پر نہیں آئیں گے اور بہادر فلسطینیوں نے جو نئی تحریک شروع کی ہے وقت گزرنے کے ساتھ اس میں شدت آتی چلی جائے گی.

القدس شریف مسلمانوں کا پہلا قبلہ، فلسطین سے الگ نہ ہونے والا حصہ اور اسلام کے تین مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے اسی لیے یہ مقدس مقام، امت مسلمہ کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے.

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اب تک مجموعی طور پر القدس کے حوالے سے 8 قراردادیں پاس کی ہیں جس میں مسجد الاقصی میں سیکورٹی کے قیام اور شہریوں کی بے حرمتی کو روکنے پر زور دیا گیا ہے.

خیال رہے کہ عالمی مخالفت کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کی ہدایات جاری کردی.

واضح رہے کہ اسرائیل کے زیر اثر مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں موجود امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے حوالے سے امریکی کانگریس نے 1995 میں قانون پاس کیا تھا جس کے بعد آنے والے ہر امریکی صدر سے اس پر عملدرآمد کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے.

اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت دنیا کے مختلف ممالک نے امریکی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اس قسم کے اقدام سے خطرناک نتائج مرتب ہوں گے.

9410*274**

ہميں اس ٹوئٹر لينک پر فالو کيجئے. IrnaUrdu@