لاریجانی کا انسداد منشیات کے حوالے سے ایران اور روس کے تعاون پر اطمینان کا اظہار

ماسکو، 4 دسمبر، ارنا - ایرانی اسپیکر 'علی لاریجانی' نے کہا ہے کہ انسداد منشیات کے شعبے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے درمیان تعاون کا اچھا سلسلہ جاری ہے.

یہ بات علی لاریجانی نے گزشتہ روز روس میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی انسداد منشیات کانفرنس میں شرکت کے لئے ماسکو پہنچنے پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی.

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران اور روس انسداد منشیات کے حوالے سے بڑے پیمانے پر تعاون کررہے ہیں.

لاریجانی نے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی تعاون کی توسیع پر بھی زور دیا.

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے دورہ ماسکو کا مقصد عالمی انسداد منشیات کانفرنس میں شرکت اور دنیا کے ممالک کی پارلیمنٹ کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کو اُجاگر کرنا ہے.

علی لاریجانی نے کہا کہ آج افغانستان میں منشیات کی پیداوار کو روکنے کے لئے کوئی کام نہیں ہورہا اور نہ ہی اس عمل پر کوئی کنٹرول ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ بعض ممالک انسداد دہشتگردی اور منشیات کی روک تھام کے بہانے میں افغانستان آئے مگر ان کی موجودگی کی وجہ سے منشیات کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگیا.

لاریجانی نے کہا کہ ایران، روس اور خطے کے دیگر ممالک کو منشیات کے مسئلے پر تشویش ہے لہذا انھیں اس لعنت کے خاتمے کے لئے مل بیٹھ کر تعمیری حل نکالنا ہوگا.

یاد رہے کہ ماسکو میں آج بروز پیر سے عالمی انسداد منشیات کانفرنس شروع ہونے جارہی ہے جس میں اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان سمیت دنیا کے 40 ممالک کے اسپیکر شریک ہوں گے.

274**

ہميں اس ٹوئٹر لينک پر فالو کيجئے. IrnaUrdu@