ایران اور پاکستانی اسپیکروں کی روس میں ملاقات، تعاون کی توسیع پر گفتگو

ماسکو، 4 دسمبر، ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں نے روسی دارالحکومت میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران دوطرفہ اور علاقائی سطح پر تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا.

یہ ملاقات 'ماسکو' میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی انسداد منشیات کانفرنس کے موقع پر ہوئی جس میں ایرانی اسپیکر 'علی لاریجانی' اور ان کے پاکستانی ہم منصب 'سردار ایاز صادق' نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی.

دونوں رہنماؤں نے سیکورٹی امور بشمول انسداد دہشتگردی اور منشیات جو کہ دو عالمی چیلنجز ہیں، کے حوالے سے مشترکہ تعاون کی توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا.

علی لاریجانی اور سردار ایاز صادق نے اس کے علاوہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون اور مشاورت کا سلسلہ مزید بڑھانے پر زور دیا.

ایران کی اسلامی مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے اسپیکر علی لاریجانی نے اس موقع پر کہا کہ انسداد منشیات کے لئے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لئے دنیا کے ممالک کی پارلیمنٹ کے درمیان بھی مشاورت اور مشترکہ تجربات کے تبادلے کی ضرورت ہے.

یاد رہے کہ ماسکو میں آج بروز پیر سے عالمی انسداد منشیات کانفرنس شروع ہونے جارہی ہے جس میں اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان سمیت دنیا کے 40 ممالک کے اسپیکر شریک ہوں گے.

274**

ہميں اس ٹوئٹر لينک پر فالو کيجئے. IrnaUrdu@