ایرانی اسپیکر کے معاون خصوصی کا دورہ بیروت، فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال

بیروت - ارنا - ایرانی اسپیکر کے معاون خصوصی برائے بین الاقوامی امور 'حسین امیرعبداللھیان' نے دورہ لبنان کے موقع پر فلسطین کی اسلامی جہاد موومنٹ کے سیکرٹری جنرل 'رمضان عبداللہ' کے ساتھ ایک ملاقات میں القدس کی صورتحال اور حالیہ صہیونی مظالم پر تبادلہ خیال کیا.

تفصیلات کے مطابق، لبنانی دارالحکومت بیروت میں پیر کے روز ہونے والی اس ملاقات میں اعلی ایرانی سفارتکار اور فلسطینی رہنما نے خطی کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بھی گفتگو کی.

حسین امیر عبداللھیان نے اس موقع پر کہا کہ فلسطینی عوام نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے صہیونیوں کو مجبور کیا کہ وہ مسجدالاقصی کے رکاوٹوں کے خاتمے بالخصوص سیکورٹی گیٹوں کو ہٹائیں جس سے فلسطینی قوم کی فتح نظر آتی ہے.

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صہیونیوں کے خلاف فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا.

ایرانی اسپیکر کے معاون خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ امت اسلامی کے درمیان باہمی اتحاد بالخصوص فلسطینی فریقین کے درمیان مضبوط وحدت کے ذریعے سے ہی جابر صہیونیوں کے قبضے کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے.

اس ملاقات میں رمضان عبداللہ نے فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر روشنی ڈالی اور مظلوم فلسطینی قوم کی بھرپور انداز میں حمایت جاری رکھنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا.

انہوں نے کہا کہ جابر صہیونی فورسز اور حکمرانوں کے سامنے نماز اور دعا ہی فلسطینی عوام کے ھتھیار ہیں.

یاد رہے کہ ایرانی اسپیکر کے معاون خصوصی برائے بین الاقوامی امور نے دورہ بیروت کے موقع پر لبنانی اسپیکر 'نبیہ بری' کے ساتھ بھی ملاقات کی ہے.

٢٧٤**