ایرانی زائرین کو باعزت حج کرانے کے لئے ضروری انتظامات کئے ہیں: ایرانی وزیر ثقافت

زنجان - ارنا - ایران کے وزیر ثقافت اور اسلامی گائیڈنس نے کہا ہے کہ ایرانی زائرین کو باعزت اور باوقار حج کرانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اور انتظامات کئے گئے ہیں اور اس حوالے سے سعودی حکام کے ساتھ بھی مفاہمت طے پاچکی ہے.

یہ بات 'سید رضا صالحی امیری' نے جمعرات کے روز ایرانی شہر 'زنجان' میں رواں سال کے حج کے حوالے سے منعقدہ قومی سمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہی.

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایرانی عازمین حج کی عزت اور وقار کی بالادستی کے لئے سعودی حکام کے ساتھ اہم مذاکرات کئے گئے اور اس حوالے سے مفاہمت بھی طے پاگئی ہے جس کی باقاعدہ دستاویز بنائی گئی ہے اور اسے قانونی حیثیت بھی حاصل ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ریاست ایران کی کوشش رہی کہ حج کے حوالے سے رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے جس کے بعد ایرانی عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کی خواہش سے ہمکنار ہوں.

ایرانی وزیر ثقافت نے کہا کہ سپریم لیڈر کے نمائندے کے دفتر اور ادارہ حج و زیارات کی جانب سے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں جن کا مقصد ایرانی زائرین کی سلامتی، عزت اور وقار کو یقینی بنانا ہے.

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین تمام عالم اسلام کا ہے لہذا ہم اپنے حجاج سے درخواست کرتے ہیں کہ خدا نخاستہ ایسا کوئی اقدام نہ کریں جس سے سعودیوں کو بہانہ مل جائے.

٢٧٤**