ایران اور قطری خبررساں اداروں کا تعاون بڑھانے اور معلومات کے تبادلے پر اتفاق

دوحہ - ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی (IRNA) اور قطری نیوز ایجنسی (QNA) کے سربراہوں نے ایک ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون کی توسیع بالخصوص معلومات کے براہ راست تبادلے پر اتفاق کیا.

تفصیلات کے مطابق، اسلامی جمہوریہ نیوز ایجنسی (ارنا) کے منیجنگ ڈائریکٹر 'محمد خدادی' نے دورہ قطر کے موقع پر اپنے قطری ہم منصب 'یوسف ابراہیم المالکی' کے ساتھ ملاقات کی.

فریقین نے ارنا اور قطری نیوز ایجنسیوں کے درمیان مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا.

ارنا چیف محمد خدادی نے اس بات پر زور دیا کہ معلومات کے تبادلوں سے حقائق کو اُجاگر کرنے کے لئے مثبت فضا فراہم ہوگی بالخصوص باہمی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے مدد ملے گی.

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا جدید دور اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام اور حکومتوں کے قریب لانے کے لئےاہم کردار ادا کرسکتا ہے اور اس مقصد کے لئے ممالک کے قومی نشریاتی اداروں کو بھی اہم کردار حاصل ہے.

محمد خدادی نے بتایا کہ آج میڈیا بالخصوص مشرق وسطی کے خطے میں موجود ذرائع ابلاغ اداروں کی اصل ذمہ داری دوستی، مصالحت اور تناؤ کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرنا ہے.

انہوں نے بعض ممالک کی جانب سے مخصوص میڈیا ہاؤس پر پابندی لگانے کی درخواست کو بلاجواز اور انسانی اصولوں اور معلومات تک رسائی کے خلاف قرار دیا.

اس ملاقات میں قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سربراہ یوسف ابراہیم المالکی نے دونوں ممالک کی نیوز ایجنسیوں کے درمیان دیرینہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے براہ راست معلومات اور خبروں کے تبادلوں پر زور دیا.

انہوں نے ارنا اور قطری خبررساں اداروں کے درمیان قریبی تعاون کو ایران اور قطر کے تعلقات کے فروغ کے لئے اہم قرار دیا.

یوسف ابراہیم المالکی نے اس موقع پر سنہ 2000 میں ارنا اور قطری نیوز ایجنسیوں کے درمیان دستخط ہونے والے تعاون کے معاہدے کے توثیق کا مطالبہ کیا.

یاد رہے کہ ارنا نیوز ایجنسی کے سربراہ محمد خدادی قطر کے انسانی حقوق کمیشن کی دعوت پر 'اظہار رائے کی آزادی، چینلجوں کا مقابلہ' کی کانفرنس میں شرکت کے لئے قطری دارالحکومت دوحہ کے دورے پر ہیں.

٢٧٤**