سپریم لیڈر کی ہدایات کے نفاذ اور عوامی خدمت کیلئے تمام اداروں اور فورسز کے درمیان اتحاد ناگزیر ہے: صدر روحانی

تہران - ارنا - ایران کے صدر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قائد اسلامی انقلاب کی ہدایات کے نفاذ اور قوم کی خدمت کے لئے تمام ریاستی اداروں اور فورسز کے درمیان باہمی اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے.

یہ بات صدر مملکت 'حسن روحانی' نے پیر کے روز تہران میں سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب (IRGC) فورسز کے اعلی کمانڈروں کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.

اس موقع پر انہوں نے پاسداران انقلاب کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی ایرانی انتظامیہ کے دور میں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کو مزید فروغ ملے گا.

انہوں نے کہا کہ آرمی اور پاسداران انقلاب کی طاقت میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے وطن عزیز کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا.

صدر روحانی نے کہا کہ نئی ایرانی حکومت پاسداران انقلاب کی تمام کوششوں اور خدمات کی بھرپور حمایت کرتی ہے.

اس ملاقات میں پاسداران انقلاب فورسز کے کمانڈر میجر جنرل 'محمد علی جعفری' نے حالیہ صدارتی انتخابات میں ایرانی قوم کی تاریخی شرکت اور ڈاکٹر روحانی کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی.

انہوں نے کہا کہ پاسداران انقلاب ملک میں اسلامی انقلاب کے اہداف کے حصوصل کے کئے حکومت کے ساتھ کسی بھی طرح کے تعاون کے لئے آمادہ ہے.

اس موقع پر پاسداران انقلاب کے اعلی حکام نے صدر حسن روحانی کو مختلف شعبوں میں سپاہ کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور حکومت کی جانب سے دفاعی قابلیت اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں پاسداران انقلاب کی بھرپور حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا.

٢٧٤**