پاکستانی چیئرمین سینیٹ کو صدر روحانی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد - ارنا - ایران کی اسلامی مجلس شوریٰ کے اسپیکر 'علی لاریجانی' نے پاکستان کے چیئرمین سینیٹ 'میاں رضا ربانی' کو ایران کے دوبارہ منتخب ہونے والے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی ہے.

تفصیلات کے مطابق، پاکستان میں تعینات ایرنا کے سفیر 'مہدی ہنردوست' نے گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور ایرانی اسپیکر کی طرف سے ایران کے 12ویں صدر مملکت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا.

میاں رضا ربانی نے تقریب میں شرکت کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے ہمارے تعلقات تاریخی اور برادرانہ ہیں اور اسی تناظر میں وہ ایران کے اسپیکر علی لاریجانی سے علاقائی اور عالمی مسائل بشمول پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال بھی کریں گے.

اس کے علاوہ ایرانی اسپیکر علی لاریجانی نے پاکستانی چیئرمین سینیٹ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ایران کے دوبارہ منتخب ہونے والے صدر حسن روحانی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی.

انہوں نے کہا کہ ایرانی رہنما تہران میں چیئرمین سینیٹ کے استقبال کے لئے شدت سے منتظر ہیں.

تقریب میں شرکت کے بعد پاکستانی رہنما میاں رضا ربانی اعلی ایرانی حکام سے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا.

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی تقریب حلف برداری 5 اگست کو پارلیمنٹ میں منعقد کی جائے گی.

سپریم لیڈر کی جانب سے ایران کے منتخب صدر کو باضابطہ صدارتی حکم نامہ پیش کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوگی اور توقع کی جاتی ہے کہ یہ تقریب یکم یا دو اگست کو ہوگی.

پانچ اگست کو پارلیمنٹ میں منتخب صدر کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا جائے گا اور اس کے بعد صدر مملکت کے پاس اپنی کابینہ کے وزرا کو مجلس کے سامنے پیش کرنے کے لئے دو ہفتوں کی مہلت ہوگی جس کے بعد پارلیمنٹ کے اراکین ایک ہفتہ کے اندر نامزد وزرا کی اہلیت کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد اعتماد ووٹ حاصل کرنے کا اجلاس رکھا جائے گا.

اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدارتی انتخابات کے نتائج کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی 57 فیصد ووٹ لے کر کامیاب امیدوار قرار پائے ہیں.

حسن روحانی 23 ملین 5 لاکھ 49 ہزار 616 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں اور انہوں نے کل ووٹوں میں سے 57 فیصد ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کرلی ہے.

٢٧٤**