موصل کی آزادی پر ایرانی قیادت کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری

تہران - ارنا - عراق کے اہم شہر موصل کی داعش کے دہشتگردوں کے ہاتھوں سے مکمل آزادی پر ایرانی قیادت کی جانب سے عراقی قوم اور حکومت کو مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے.

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے اپنے خصوصی پیغام میں موصل کی مکمل آزادی پر عراقی قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی.

بریگیڈیئر جنرل 'حسین دہقان' نے گزشتہ روز اپنے عراقی ہم منصب اور عوامی رضاکارانہ فورس (الحشد الشعبی) کے کمانڈر کے نام خصوصی پیغامات موصل کی فتح پر مبارکباد دی.

انہوں نے الحشد الشعبی فورس کے سربراہ 'ہادی العامری' کے نام پیغام میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم اور مسلح افواج داعش کے درندہ اور سفاک دہشتگردوں کے قبضے سے عراقی شہر موصل کی آزادی اور عراق میں پائیدار امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے پر خوش ہیں.

جنرل دہقان نے کہا کہ عراق کی بہادر مسلح افواج کی فتوحات اور ملک کی ترقی کے لئے کوششیں جاری رہیں گی.

ایرانی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عراقی قوم اور مسلح افواج کے درمیان باہمی اتحاد اور ملکی ترقی کے لئے مشترکہ تعاون جاری رہے گا.

انہوں نے عراقی وزیر دفاع میجر جنرل 'عرفان محمود عبدالغفور عبداللہ الحیالی' کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ عراقی قوم اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط اتحاد اور مزاحمتی فرنٹ کی تشکیل کے ذریعے دہشتگردوں کا مکمل طورپر قلع قمع کیا جائے گا.

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے درمیان دفاعی، فوجی اور سلامتی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا سلسلہ جاری رہے گا.

یاد رہے کہ کہ موصل جس پر گزشتہ تین سالوں سے داعش کے دہشتگردوں کا قبضہ تھا، کو مکمل طور پر آزاد کرالیا گیا ہے.

9393*274**