ایرانی مسلح افواج کے سربراہ کی موصل کی آزادی پر مبارکباد

تہران - ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل 'محمد باقری' نے عراقی شہر موصل کی مکمل آزادی پر اپنے عراقی ہم منصب سمیت عراق کی اعلی قیادت کو مبارکباد پیش کی.

جنرل 'محمد باقری' نے عراقی وزیر اعظم، اپنے ہم منصب، عوامی رضاکارانہ فورس (حشد الشعبی) کے کمانڈر اور عراقی وزیر دفاع کے نام اپنے خصوصی پیغامات میں جغرافیائی حیثیت سے عراق کے اہم شہر موصل کی آزادی، داعش اور تکفیری دہشتگردوں کی سنگین شکست پر مبارکباد پیش کی.

انہوں نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں کی ہدایت، عراقی مسلح افواج بشمول حشد الشعبی فورس کی بہادری اور حکومت کے مضبوط ارادے کے ذریعے موصل کو مکمل آزادی مل گئی اور داعش کے دہشتگردوں کی سنگین شکست ہوئی.

میجر جنرل باقری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے درمیان تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا سلسلہ باقی اور عراق میں پائيدار امن اور سلامتی کے لئے کوششیں جاری رہیں گی.

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے موصل کی آزادی کے ساتھ خطے کے دیگر ممالک میں امن اور سلامتی کی مہم جاری رہے گی بالخصوص فلسطین کو بھی ناجائز صہیونی ریاست کے قبضے سے آزادی ملے گی.

ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ موصل کی تاریخی فتح عراقی قوم اور حکومت کے مضبوط اور مستحکم ارادے اور داعش کے دہشتگردوں، دشمنوں اور ناجائز صہیونی ریاست کی سازشوں کی ناکامی کی علامت ہے.

انہوں نے عراق کے مذہبی رہنماؤں، قوم اور حکومت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا.

9393*274**