حکومتوں کے درمیان تعلقات کو اقوام تک بڑھایا جائے: ایرانی وزیر ثقافت

تہران - ارنا - ایران کے وزیر ثقافت اور اسلامی گائیڈنس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ حکومتوں کے درمیان تعلقات کو عوام کی سطح تک لانے کی ضرورت ہے.

ان خیالات کا اظہار 'سید ضا صالحی امیری' نے گزشتہ روز 'تہران' میں جمہوریہ آذربائیجان کے ہفتہ ثقافت کے حوالے سے منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر انہوں نے دوست ملک جمہوریہ آذربائیجان کے ہفتہ ثقافت پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور آذربائیجان کے درمیان 756 کلومیٹر طویل سرحد ہے مگر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان کوئی سرحد نہیں ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریہ آذربائیجان کی تہذیب دنیا کی قدیم تہذیبوں میں آتی ہے اس کی ثقافت اور تہذیب کا چرچا پورے خطے میں ہے.

ایرانی وزیر ثقافت نے تہران اور اصفہان میں جمہوریہ آذربائیجان کے ہفتہ ثقافت کی تقریبا کے انعقاد کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ فن اور ثقافت کی زبان انسانیت، باہمی بقا اور دوستی کی زبان ہے اور ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان اختلافات کی ہرگز گنجائش نہیں ہے.

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام کو چاہئے آپس کے اختلافات کو ختم کردیں کیونکہ مسلم اقوام کے درمیان اختلافات صرف دشمنوں کی خواہش ہے لہذا حکومتوں کے درمیان قریبی تعلقات سے عوام کو فائدہ ملے گا جبکہ اختلافات سے یقینا دشمن کو فائدہ پہنچے گا.

سید رضا صالحی امیری نے کہا کہ ایران اور آذربائیجان کے عوام خطے میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کی سوچ کے خاتمے کے لئے مل بیٹھ کر کردار ادا کریں.

انہوں نے دونوں ممالک کے دانشوروں اور عمائدین کے درمیان قریبی روابط بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ فن، ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں وفود کے تبادلوں سے دونوں عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا.

٢٧٤**