شام میں امریکی مداخلت کو روکنے کیلئے ایران اور روس کا تعاون اہم ہے: ایڈمیرل شمخانی

تہران - ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کی قومی سلامتی کونسل کے مشیروں نے ایک ٹیلی فونک رابطے میں شام کی تازہ ترین صورتحال اور جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والے حالات پر تبادلہ خیال کیا.

تفصیلات کے مطابق، ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ایڈمیرل 'علی شمخانی' اور ان کے روسی ہم منصب 'نکولائی پیتروشف' کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں فریقین نے شام کی سیکورٹی اور عسکری صورتحال کا جائزہ لیا.

اس موقع پر ایڈمیرل شمخانی نے کہا کہ شام میں امریکہ کی غیرقانونی مداخلت اور مہم جوئی کو روکنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے.

دونوں سربراہوں نے ایران اور روس کے درمیان آستانہ میں منعقد ہونے والے آئندہ شام امن مذاکرات اور سیاسی حل نکالنے پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا.

روس کے مشیر قومی سلامتی نے اس موقع پر آستانہ میں ہونے والے شام امن مذاکرات کے پانچویں دور کو اہم قرار دیتے ہوئے شام میں انسداد دہشتگردی کے حوالے سے ایران اور روس کے درمیان موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا.

٢٧٤**