ارنا کے مطابق جنرل حسین سلامی نے جمعرات 15 مئی کو شہدائے خدمت کی پہلی برسی کی مناسبت سے تہران کے امام حسین اسکوائر پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر نے ایران کی عظیم قوم کے خلاف ایک سںگین نفسیاتی آپریشن شروع کیا ہے ۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ امریکی صدراس آپریشن کے ذریعے ایرانی عوام کے ذہنوں پر تخریبی اثرات مرتب کرنا اور ان کے اندر مایوسی پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔
جنرل سلامی نے کہا کہ ٹرمپ اپنی باتوں سے ایران کے عوام میں نا امیدی اور مایوسی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انھوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرکے کہا کہ " ایرانی عوام تمہیں اپنے عظیم ترین اور عزیز ترین قومی ہیرو، شہید جنرل قاسم سلیمانی کا قاتل سمجھتے ہیں، بنابریں اچھی طرح سمجھ لو کہ ایرانی عوام میں تمھاری شبیہ کیا ہے۔
پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے ٹرمپ کو مخاطب کرکے کہا، مسٹر پریزیڈنٹ! تم نے چند سال قبل، ایرانی قوم کو دہشت گرد قرار دیا اور کہا کہ ایران دہشت گرد قوم ہے۔ اب کیا ہوا کہ خود کو اسی قوم کا طرفدار ظاہر کرنے کی کوشش کررہے ہو؟
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایرانی عوام اپنے دوستوں اور دشمنوں کو اچھی پہچانتے ہیں اور تم ایرانی قوم کی دشمنی کے مرکز میں ہو، تم نے ملت ایران پر پابندیاں لگائيں، اور چاہتے ہو کہ اس ملک کے اسپتالوں تک دوائيں نہ پہنچ سکیں، لیکن تم جس طرح کہ اب تک ناکام رہے ہو، آئںدہ بھی یہ کام نہیں کرسکو گے۔