تہران - ارنا - تحریک حماس کے فوجی ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان نے پیر کے روز امریکی شہریت کے حامل ایک صہیونی قیدی کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ القسام بریگیڈ نے گرفتار صہیونی فوجی عیدان الیگزینڈر کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے پاس امریکی شہریت ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک پیغام میں گرفتار امریکی شہریت رکھنے والےصیہونی فوجی عیدان الیگزینڈر کی رہائی کا اعلان کیا تھا جو مقبوضہ علاقے کا رہائشی ہے۔

ٹرمپ نے ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس رہائی میں کردار ادا کیا، اور کہا کہ یہ قدم امریکہ کی نیک نیتی اور قطر و مصر کی ثالثی کی کوششوں کا نتیجہ ہے تاکہ غزہ میں اس انتہائی وحشیانہ جنگ کو ختم کیا جا سکے اور تمام یرغمالیوں (صیہونی قیدیوں) کو زندہ یا مردہ واپس کیا جا سکے۔

غزہ پٹی میں تحریک حماس کے سربراہ نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ عیدان الیگزینڈر کو جنگ بندی کے قیام کی کوششوں کے تحت رہا کیا جائے گا۔