تہران (ارنا) یمن کی تحریک انصار اللہ کی سیاسی بیورو کے رکن محمد البخیتی نے منگل کی صبح کہا کہ ہم اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں اور جب تک غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کا قتل عام جاری ہے ہم مذاکرات پر آمادہ نہیں ہونگے۔

یمن کی تحریک انصار اللہ کی سیاسی بیورو کے رکن محمد البخیتی نے بحیرہ احمر میں انصار اللہ کی کارروائیوں کے جاری رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن امریکی حملوں سے متاثر نہیں ہونگے۔

انہوں نے واشنگٹن کے اس دعوے کو بھی مسترد کیا کہ انصار اللہ فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور کہا کہ امریکہ کی طرف سے ہمارے جانی نقصان کے بارے میں فراہم کردہ اعدادوشمار غلط ہیں، اور حملوں کی شدت کے باوجود، ہمارے نقصانات بہت کم اور معمولی نوعیت کے تھے۔

پناہ گزینوں کے مرکز پر حالیہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے قریب ہماری کوئی عسسکری موجودگی نہیں ہے اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا امریکہ کی مجرمانہ فطرت کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکی حملوں کی تعداد میں اضافہ فوجی مقاصد کے بجائے میڈیا مقاصد کے لیے زیادہ ہے، اور اس کا ہماری صلاحیتوں پر زیادہ اثر نہیں ہوا۔

پیر کی صبح یمنی خبر رساں ذرائع نے اطلاع دی کہ امریکی جنگی طیاروں نے شمالی یمن کے شہر صعدہ میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر حملہ کیا۔

یمن کی وزارت صحت کے مطابق ابتدائی اعدادوشمار میں صعدہ صوبے میں مہاجرین کے کیمپ پر امریکی حملے میں 60 افریقی تارکین وطن شہید اور 65 زخمی ہوئے ہیں۔