تہران – ارنا – سپاہ نیوی کی پیغمبر اعظم جنگی مشقوں کے آخری دن آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے حامل  قائم اورالماس نامی اسمارٹ میزائل،  مہاجر6 اور ابابیل 5 نوعیت کے  جدید ترین ڈرون طیاروں سے فائر کئے گئے اور ان میزائلوں نے فرضی دشمن کے ٹھکانوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بناکر تباہ کردیا

 ارنا نے سپاہ نیوز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سپاہ نیوی کی پیغمبر اعظم جنگی مشقوں کے دوسرے دن خلیج فارس کے وسطی اور شمالی سمندری علاقوں میں حسین منجزی کے نام سے انواع و اقسام کی مشقیں انجام دی گئيں۔

 سپاہ نیوی کے کمانڈر ایڈمیرل علی رضا تنگسیری نے سپاہ نیوی کے وسائل اور سسٹموں کو اپ گریڈ کئے جانے کی خبر دی ہے ۔

 انھوں نے بتایا ہے کہ سپاہ نیوی کے ماہر اور ذمہ دار جوانوں نے مہاجر6  اور ابابیل 5 نوعیت کے ڈرون طیاروں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے حامل قائم اور الماس نامی اسمارٹ میزائلوں سے لیس کردیا ہے۔

سپاہ نیوی کے کمانڈر نے بتایا کہ ان جنگی مشقوں میں شہید سلیمانی اسٹریٹیجک جنگی بحری جہاز سے نواب دفاعی میزائل فائر کرنے، سپاہ نیوی کے کمانڈوزکی زمینی اور سمندری کاررائیوں، بیلسٹک اور ساحل سے سمندر کے اندر میزائلوں کی فائرنگ، سرفیس ٹو سرفیس قدر 200 نوعیت کے میزائلوں کی فائرنگ،  کوثر 222 نوعیت کے میزائلوں سے فرضی دشمن کے ڈرونز اور طیاروں کو نشانہ بنانے  نیز سمندری کروز میزائل فائر کئے جانے کی مشقیں انجام دی گئيں۔   

 انھوں نے ان جنگی مشقوں کے پیغام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگی مشقیں ایران کے دشمنوں کی ہر قسم کی مہم جوئی کے مقابلے کے لئے سپاہ نیوی کے دلیراور بہادر سپاہیوں کی آمادی اور تیاری بڑھانے کی غرض سے انجام دی گئیں اور پڑوسی ملکوں کو امن و دوستی کا پیغام دینا بھی ان مشقوں کے اہدف میں شامل تھا