امیرسعید ایروانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کے اقتدار اعلی، خودمختاری، اتحاد اور استحکام پر یقین رکھتا ہے اور اس بات پر اصرار کرتا ہے کہ شام کے مستقبل کا تعین بغیر کسی غیرملکی مداخلت کے، شام کے عوام کے توسط سے ہونا چاہیے۔
ایران کے سینیئر سفارتکار نے کہا کہ ایران دمشق میں آنے والی ہر اس حکومت کی حمایت کرے گا جو آزاد اور منصفانہ انتخابات اور جامع قومی ڈائیلاگ سے منتخب ہوئی ہو اور تمام قومی، سیاسی اور مذہبی گروہوں کی نمائندگی کی ضمانت فراہم کرے۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ مذکورہ خصوصیات سے لیس ایسی حکومت کی تشکیل اور اس کی حمایت کرنے سے علاقے میں امن و استحکام کی ضمانت فراہم کی جاسکتی ہے۔
امیرسعید ایروانی نے کہا کہ اس وقت شام کو صیہونی حکومت کی جانب سے سنجیدہ خطرہ لاحق ہے جو سلامتی کونسل کی تمام قراردادوں کو پاؤں تلے روند کر مقبوضہ جولان کے علاوہ اب تک شام کے 500 کلومیٹر رقبے پر قبضہ کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے شام کی فوجی تنصیبات کے علاوہ تمام سائنسی اور تحقیقاتی مراکز کو بھی تباہ کردیا ہے جو کہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ہاتھوں صیہونی حکومت کو ذمہ دار ٹہرانے اور جوابدہ ہونے پر مجبور کرنے کی فوری ضرورت ہے۔