ایران پر روس کو بیلسٹک میزائل دینے کا بے بنیاد الزام لگا کر لندن نے ایران کی نیشنل شپنگ کمپنی سمیت متعدد ایرانی شہریوں پر پابندی عائد کردی ہے جس پر وزارت خارجہ نے سخت احتجاج کرتے ہوئے برطانوی ناظم الامور کو طلب کرلیا۔
برطانوی ناظم الامور سے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام غیرقانونی ہے جس کی کوئی قانونی توجیہ نہیں۔
وزارت خارجہ کے مغربی یورپ کے ڈیسک کے نائب سربراہ عباس نادری نے برطانیہ کے اس اقدام کو بحری نقل و حمل اور تجارت کی آزادی میں خلل ڈالنے اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جبکہ روس کو ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل دیے جانے کی خبر کی یوکرین کے صدر نے بھی تردید کردی ہے یورپ کے اس دعوے کی کوئی توجیہ پیش نہیں کی جاسکتی۔
وزارت خارجہ کے مغربی یورپ کے ڈیسک کے نائب سربراہ، عباس نادری نے کہا کہ برطانیہ کو اپنے اس غیرمنطقی اور بین الاقوامی اصولوں کے منافی اقدام پر اسلامی جمہوریہ ایران کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
برطانوی ناظم الامور نے کہا کہ ایران کا پیغام لندن کو پہنچایا جائے گا۔