تہران – ارنا – صیہونی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ نے شمالی مقبوضہ فلسطین پر وسیع میزائلی حملے کئے ہیں اور صرف ایک حملے میں کم سے کم نو صیہونی زخمی ہوئے ہیں

ارنا  نے القدس نیوز سائٹ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عبرانی میڈیا ذرائع نے  لبنان سے شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے الجلیل پر وسیع میزائلی حملے کی خبر دی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے الجلیل پر کم سے کم 30 میزائل فائر کئے گئے ہیں۔

صیہونی  میڈیا ذرائع کے حوالے سے اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدد میزائل کرمئیل اور مجدالکرم نامی صیہونی کالونیوں پر بھی  لگے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے ریڈیو نے اعتراف کیا ہے کہ کرمئیل اور معالوت ترشیحا پر لبنان سے داغے جانے والے دسیوں میزائل لگے ہیں۔

صیہونی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ کرمئیل کے نزدیک شوراشیم صیہونی کالونی پر میزائل لگنے سے متعدد اسرائيلی زخمی ہوگئے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق کرمئیل صیونی کالونی کے نزدیک ایک عمارت پر میزائل لگنے سے کم سے کم نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  اسی کے ساتھ الجلیل کے علاقے  کرمئیل، کفرفاردیم اور معالوت ترشیحا نامی صیہونی کالونیوں میں خطرے کے سائرن بجنے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

اسی سلسلے میں حزب اللہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ کرمئیل اور معالوت ترشیحا صیہونی کالونیوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔