تہران – ارنا – صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ترکمناستان کے معروف شاعر مختومقلی فراغی کے تین سوسالہ جشن سالگرہ پر "ادوار اور تہذیبوں کا باہمی رابطہ، آشتی اور ترقی کی بنیاد" کے زیرعنوان منعقدہ بین الاقوامی سیمینار کے موقع پراپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتین سے ملاقات اور گفتگو کی

ارنا کے مطابق جمعے کو عشق آباد میں اپنے روسی ہم منصب سے اس ملاقات میں صدر ایران نے  مشترکہ تعاون میں توسیع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روس کے ساتھ ہمارے روابط مخلصانہ اور اسٹریٹیجک ہیں۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے روسی صدر سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اور ثقافتی لحاظ سے ہمارے روابط میں روز افزوں استحکام آرہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ملکی کی اعلی قیادتوں کے عزم وارادے کے پیش نظردونوں ملکوں کے روابط کے استحکام کے عمل میں تیزی کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ایران اور روس کے اندر باہمی روابط بڑھانے کی کافی گنجائش پائی جاتی ہے اور دونوں ایک دوسرے کی ضرورتیں پوری کرسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دنیا میں ہمارے موقف دوسروں کی بہ نسبت نزدیکتر ہیں۔

صدرایران نے تہران ماسکو اسٹریٹیجک شراکت داری کی دستاویزپرجلد سے جلد دستخط کی امید ظاہر کرتے ہوئے، باہمی تعاون میں توسیع پر زور دیا اور کہا کہ امید ہے کہ روس میں برکس کے اجلاس کے موقع پر یہ معاہدہ ہوجائے گا۔  

ڈاکٹر پزشکیان نے علاقے کی بحرانی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کسی بھی انسانی، بین الاقوامی اور قانونی اصول وضوابط کی پابندی نہیں کررہی ہے اور علاقے کے حالات بحرانی ہیں۔

صدر ایران نے کہا کہ امریکا اور یورپی ممالک نہیں چاہتے کہ علاقے کے ممالک کے درمیان پر امن روابط جاری رہیں۔

اس ملاقات میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے اپنے ایرانی ہم منصب کی باتوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے دونوں ملکوں کا باہمی تعاون اولین ترجیح اور بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان باہمی تجارت میں بہت اچھا فروغ آرہا ہے۔  

لیبلز