اسلام آباد – ارنا - آپریشن طوفان الاقصی کی پہلی سالگرہ پر پاکستان کے مختلف شہروں میں عوام نے مظاہرے کرکے فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعلان اور غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کی مذمت کی۔

ارنا نے رپورٹ دی ہے کہ پیر کو لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی اپیل  پر عوام نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرے  کئے۔

 اس رپورٹ کے مطابق یہ مظاہرے آپریشن طوفان الاقصی کی سالگرہ کی مناسبت سے کئے گئے۔

  ان مظاہروں  میں  شرکت کرنے والوں نے فلسطین بالخصوص غزہ اور لبنان کے عوام کے ساتھ ایک جہتی کا اعلان کیا

مظاہرین نے اسی طرح  مغربی محاذ منجملہ امریکا اور برطانیہ کی جانب سے بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کی حمایت کی مذمت کی۔

  اسی کے ساتھ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی میزبانی میں پیر کی شام اسلام آباد، ایوان صدر میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی ایک کانفرنس منعقد ہوئی ۔

فلسطین کے ساتھ یک جہتی کے زیرعنوان ، پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کی میزبانی میں ہونے والی اس کانفرنس میں مذکورہ دونوں شخصیات کے علاوہ ، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان،  مجلس وحدت مسلمین کے صدرعلامہ ناصر عباس جعفری اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سمیت ممتاز سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس کانفرنس میں پاکستان کے سیاسی و مذہبی عمائدین نے غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی اور اقوام متحدہ سے فلسطین کو ایک آزاد اور خود مختار ملک کی حیثیت سے مستقل رکنیت دینے کا مطالبہ کیا۔