ارنا نے پیر کو فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حماس نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ تحریک کے سینیئر کمانڈر فتح شریف ابوالامین لبنان پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں شہید ہوگئے ہیں۔
حماس کے بیان کے مطابق تحریک کے سینیئر کمانڈر فتح ابوالامین کے ساتھ ان کی اہلیہ اور بیٹا امین فتح شریف اور بیٹی وفا فتح شریف بھی اس حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق حماس کے سینیئر کمانڈر فتح شریف ابوالامین اپنی اہلیہ، بیٹے اور بیٹی کے ہمراہ جنوبی لبنان کے البص کیمپ پر آج پیر کی صبح صیہونی حکومت کی بمباری میں شہید ہوئے ہیں۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اس شہید اور دیگر شہدا سے عہد کرتے ہیں کہ سرزمین فلسطین سے صیہونیوں کو نکال باہر کرنے اور قدس شریف کے آزاد ہونے نیز سبھی فلسطینی قیدیوں کی رہائی تک ان کی راہ مجاہدت جاری رہے گی۔
چند گھنٹے قبل خبری ذرائع نے بتایا ہے کہ بیروت کے الکولا علاقے پر صیہونی حکومت کے حملے میں عوامی تحریک برائے آزادی فلسطین کے تین سینیئر کمانڈر شہید ہوگئے ہیں۔
عوامی تحریک برائے آزادی فلسطین نے اپنے کمانڈروں کی شہادت کی خبر کی تصدیق کی ہے ۔
اس حملے میں دس افراد کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔