تہران – ارنا – حزب اللہ لبنان نے اپنے حملوں کی نئی لہر میں غاصب صیہونی حکومت کے متعدد فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے

ارنا نے جمعرات کی شام لبنانی میڈیا ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرکے صیہونی حکومت کے کئی فوجی اڈوں پر حملے کی خبردی ہے۔

حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان ميں کہا ہے کہ اس کے مجاہدین نے غزہ کے ثابت قدم عوام اور فاتح استقامتی فلسطینی محاذ کی حمایت میں جمعرات کی شام شمالی مقبوضہ فلسطین میں  رامیا فوجی اڈے پر گولہ باری کی ہے۔

حزب اللہ لبنان نے اسی طرح شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے الجلیل العلیا نامی علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کے جانیتا فوجی اڈے پر توپوں سے گولہ باری اور راکٹوں سے حملے کئے ہیں۔

 حزب اللہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے المالکیہ فوجی اڈے، اور معالیہ گولانی فوجی چھاؤنی میں صیہونی فوج کی حرمون بریگیڈ 810 کے  ہیڈکوراٹر نیز میتات اور شومیرا فوجی اڈوں پر میزائلوں سے حملے کئے گئے ہیں۔

المیادین نے بھی شمالی مقبوضہ فلسطین کے الجلیل الغربی علاقے پر حزب اللہ کے میزائلوں کی بارش کی خبر دی ہے۔

 صیہونی حکومت کے ریڈیو اور ٹی وی کے ادارے نے بھی الجلیل الغربی پر بیس میزائل گرنے کی خبر دی ہے۔

 صیہونی میڈیا نے بھی جمعرات کو حزب اللہ لبنان کے میزائل  اور ڈرون حملوں میں دو صیہونی فوجیوں کے ہلاک اور 16 کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔

 یاد رہے کہ آپریشن طوفان الاقصی شروع ہونے کے بعد حزب اللہ لبنان نے غزہ پردباؤ کم کرنے کی غرض سے صیہونی فوج کے ایک حصے کو انگیج رکھنے کے لئے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے فوجی اور اسٹریٹیجک اہداف پر حملے شروع کردیئے تھے جن کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔  

خود صیہونی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ نے شمالی محاذ پر صیہونی حکومت کی فوج کو سنگین جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔