تہران - ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے کہا: جرمنی میں اسلامی مراکز کو بند کیا جانا اسلام دشمنی اور صیہونی حکومت کے مفادات کے تحفظ کے لئے اٹھایا گيا ایک سیاسی قدم ہے اور جرمن حکومت کو اس کے نتائج قبول کرنا چاہیے۔

 علی باقری نے بروز ہفتہ، جرمن وزیر خارجہ اینالینا بربوک کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں ہیمبرگ اسلامک سنٹر سمیت جرمنی میں اسلامی مراکز  کو بند کرنے کے جرمن پولیس کے غیر قانونی اور انسانی حقوق کے منافی اقدام کے بارے میں بات کی۔

اسلامی جمہوریہ کے قائم مقام وزیر خارجہ نے حالیہ اقدام پر  ناراضگی  کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت  کی اور  کہا: جرمنی میں اسلامی مراکز  کو بند کرنا اسلام دشمنی اور صیہونی حکومت کے مفادات  کے تحفظ کے لئے کیا گيا ایک سیاسی اقدام ہے اور جرمن حکومت کو اس کے انجام کو بھی قبول کرنا چاہیے۔

جرمنی کی وزیر خارجہ نے اسلامی مراکز  کو بند کئے جانے کے بارے میں کہا: قانون کے مطابق یہ مراکز جرمنی میں قانونی طریقے سے اپنے حقوق کی بازیابی کر سکتے ہیں۔

"انالینا بربوک" موجودہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سفارتی طریقے کار اور بات چیت سے تعلقات کی راہ میں رکاوٹیں دور ہو جائيں گی۔

اس بات چیت میں خطے کی تازہ ترین صورت حال ، پابندیاں  ختم کئے جانے کے لئے  مذاکرات اور قونصلر امور سے متعلق مصوضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔