ارنا کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے اعلامیہ نمبر 2 میں مقبوضہ فلسطین میں غاصب اور دہشت گرد صیہونی فوج کے اہم مراکز کو تباہ کرنے کی خبر دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے اعلامیہ میں خبردار کیا ہے کہ امریکی اور صیہونی حکومتیں جس ملک سے ایران کے مفادات کے لئے خطرات پیدا کریں گی اسی ملک میں اس کو جواب دیا جائے گا۔
سپاه پاسداران انقلاب اسلامی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجک پالیسیوں کے تحت دہشت گرد امریکی حکومت کو خبردار کیا جاتا ہے کہ ایران کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں ہر قسم کی مشارکت اور پشت پناہی کا ایران کی مسلح افواج ٹھوس اور پشیمان کردینے والا جواب دیں گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کے شر پسندانہ اقدامات کے لئے امریکا جواب دہ ہے اور اگر اس نے بچوں کی قاتل اس حکومت کو لگام نہ دی تو پھر اس کے نتائج کو بھی قبول کرنا ہوگا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے اعلامیہ میں پڑوسیوں اور علاقے کے ملکوں کے ساتھ اچھی ہمسائگی کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ دہشت گرد امریکی اور صیہونی حکومتیں جس ملک سے ہمارے لئے خطرات پیدا کریں گی، اسلامی جمہوریہ ایران اسی ملک میں اس کا جواب دے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ہم ایران کی دلیر قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ سپاہ پاسداران اور ملک کی سبھی مسلح افواج ملی مفادات کے دفاع میں ڈٹی ہوئی ہیں اور عوام کا امن و سکون درہم برہم کرنے کی دشمن کی کوششوں کو ناکام بنادیں گی۔