ارنا نے سنیچر کو المیادین ٹی وی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ آج صبح غاصب اسرائیلی حکومت کے المالکیہ فوجی اڈے کے اندر فوجیوں کے جمع ہونے کے ایک مرکز اور اس کے اطراف میں صیہونی حکومت کی بکتر بند فوجی گاڑیاں اس کے میزائلی حملوں کا نشانہ بنی ہیں۔
حزب اللہ لبنان نے بتایا ہے کہ اس کے میزائل ٹھیک نشانوں پر جاکر لگے ہیں اور ان حملوں میں بہت سے صیہونی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
حزب اللہ لبنان نے آج صبح اسی طرح شمالی مقبوضہ فلسطین میں ایک عمارت پر بھی میزائل سے حملہ کیا جس میں اسرائيلی فوجی جمع تھے۔
حزب اللہ لبنان کے بیان کے مطابق اس نے جمعے کو صیہونی حکومت کی رامیم فوجی چھاؤںی پر بھی کئ میزائل داغے ہیں۔
اس بیان کے مطابق صیہونی جنگی طیاروں نے بھی جنوبی لبنان کے الطیبہ نامی قصبے پر تین بار بمباری کی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے شروع ہونے کے بعد حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے فوجی اور اسٹریٹیجک اہداف پر حملے شروع کردیئے تھے جن کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔