تہران (ارنا) غزہ کی وزارت صحت کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 86 فلسطینی شہید ہوئے اور 7 اکتوبر 2023 کو صہیونی جرائم کے آغاز سے غزہ میں شہداء کی تعداد 30 ہزار 717 ہوگئی ہے۔

الجزیرہ نیوز ایجنسی نے فلسطین کی وزارت صحت کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی پر صیہونی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 30,717 اور زخمیوں کی تعداد 72,156 ہوچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران جرائم کے 9 واقعات میں 86 فلسطینیوں کو شہید اور 113 کو زخمی کیا۔
ارنا کے مطابق غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز کو 152 دن گزر جانے کے باوجود جب کہ اس بحران کے حل کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، قابض افواج اپنے جرائم جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہر لمحہ ایک نئے سانحہ اور تباہی کو جنم دے رہی ہیں۔
صیہونی حکومت نے اپنی مسلسل جارحیت کے علاوہ انسانی امداد اور خوراک کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈال کر صورتحال کو مزید تباہ کن بنا دیا ہے اور ہر روز غذائی قلت کی وجہ سے مرنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔