اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے ایک بیان جاری کرکے فلسطین کے عام شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات پر زور دیا ہے۔
سلامتی کونسل کے بیان میں اس بات پر شدید تشویش ظاہر کی گئ ہے کہ اندازوں کے مطابق غزہ میں رہنے والے تمام 22 لاکھ فلسطینی شہری شدید غذائی قلت سے دوچار ہوں گے۔ اسی طرح بیان میں تمام متعلقہ فریقوں سے مطالبہ کیا گيا ہے کہ وہ انسان دوستانہ قوانین کی پابندی کریں اور عام شہریوں کی مدد اور ان کے لئے امداد کی ترسیل کے مقدمات فراہم کریں۔
سلامتی کونسل نے اپنے بیان میں صیہونی حکومت سے صرف یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی امداد کے لئے راستے کھولے رکھے اور ان کی تعداد میں اضافہ کرے۔
ارنا کے مطابق صیہونی فوج نے گزشتہ جمعرات کو غزہ شہر کے النابلسی اسکوائر اور الرشید اسٹریٹ میں انسانی امداد کی آمد کے منتظر فلسطینی شہریوں پر حملہ کیا۔
اس حملے میں 104 فلسطینی شہید اور 1000 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز کو تقریبا 5 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اس بحران کے حل کے لیے ثالثوں کی کوششوں کے باوجود قابض صیہونی فوج اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور گولہ باری و بمباری کے علاوہ ناکہ بندی کر کے غزہ پٹی میں انسانی امداد آنے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے جس نے اس صورتحال کو مزید تباہ کن بنا دیا ہے۔