افریقی ممالک کے سربراہان بشمول افریقی یونین کمیشن کے سربراہ موسیٰ فاکی، کوموروس کے صدر اور افریقی یونین کے سابق سربراہ غزالی عثمانی نے افریقی یونین کے سربراہی اجلاس کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
افریقی یونین کمیشن کے سربراہ موسی فاکی نے اسرائیل کے حملے کو بین الاقوامی انسانی قوانین کی وحشیانہ خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ تل ابیب غزہ کے باشندوں کو نابود کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ افریقی یونین کے ممالک کی یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ کےعوام پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، جن کی تاریخ انسانی میں مثال نہیں ملتی۔
کوموروس کے صدر اور افریقی یونین کے سابق سربراہ غزالی عثمانی نے عالمی عدالت انصاف میں صیہونی حکومت کے خلاف جنوبی افریقہ کی شکایت کو سراہتے ہوئے کہاکہ بدقسمتی سے ہماری آنکھوں کے سامنے اسرائیلی فوج غزہ میں جرائم اور نسل کشی کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ بین الاقوامی برادری غزہ میں اسرائیلی فوج کے جرائم پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی، غزالی عثمانی نے مزید کہا کہ ان جرائم نے نہ صرف فلسطین میں افراتفری پیدا کی بلکہ باقی دنیا میں بھی اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوئے۔