المسیرہ نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایک بار پھر مسئلہ فلسطین، فلسطینی قوم اور اسلامی مزاحمت کی حمایت میں جمہوریہ یمن کے فیصلہ کن اور اصولی موقف کی تجدید کرتے ہیں۔ ریڈ لائن عبور کرنے والوں کے خلاف اقدام یمن کا مذہبی اور اصولی فریضہ ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صنعاء، موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور غزہ میں ہمارے لوگوں کے خلاف نسل کشی کی جنگ میں سستی نہیں کرے گا۔ ہم فلسطینی عوام اور مسجد اقصیٰ کی حمایت کے لیے صنعا اور صوبائی دارالحکومتوں میں لاکھوں یمنی عوام کے مارچ کی تعریف کرتے ہیں۔
اس بیان کے تسلسل میں کہا گیا ہے کہ ہم عرب اور اسلامی ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صیہونی حکومت کے گھناؤنے جرائم کے خلاف واضح موقف اختیار کریں۔ ہم عرب اور اسلامی ممالک سے کہتے ہیں کہ وہ امریکی صیہونی سامان کا بائیکاٹ کریں کیونکہ ان اشیا پر پابندی لگانا ان کے خلاف ایک موثر ہتھیار ہے۔
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل نے مزید کہا کہ ہم عرب اور اسلامی اقوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے باہر نکل کر فلسطینی قوم کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعلان کیا۔
قبل ازیں یمن کے نگران وزیر اعظم عبدالعزیز بن حبتور نے تاکید کی کہ صنعا، غزہ میں ہونے والے قتل عام کا جواب دینے میں اپنی تمام تر صلاحیتوں سے مدد کر رہی ہے اور کرے گی۔
عبدالعزیز بن حبطور نے کہا کہ اگر غزہ پر حملہ جاری رہا تو بحیرہ احمر میں صیہونی حکومت کے جہازوں پر حملہ کیا جائے گا۔