تہران۔ ارنا۔ صہیونی آباد کاروں نے ایک دوسرے سے جڑے گروہوں کی شکل میں اور صہیونی ریاست کی سیکورٹی فورسز کی حمایت سے مسجد الاقصی پر حملہ کیا۔

ارنا نے فلسطینی مرکز کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق رپورٹ دی ہے کہ صہیونی آباد کاروں نے آج بروز اتوار کو "عیدالانوار" کے موقع پر جڑے ہوئے گروہوں کی شکل میں مسجد الاقصی پر حملہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق، قابض یروشلم پولیس کے متعدد دستوں نے صہیونی آبادکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مسجد الاقصی کے صحن پر حملہ کیا اور بیت المقدس میں مقیم متعدد فلسطینیوں کو بے دخل کر دیا جو مسجد کے اندر موجود تھے۔

دریں اثناء یروشلم میں مقیم درجنوں فلسطینی مرد و خواتین مسجد اقصی کے اندر جمع ہوئے اور تکبیر کے نعرے لگائے جبکہ اس مقدس مقام پر حملہ کرنے والے صہیونی آباد کار ان کی موجودگی سے پریشان ہوگئے۔

القدس کیخلاف قبضہ کرنے والی فوجیں صیہونی آبادکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فلسطینی شہریوں کو مسجد اقصی میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے آج صبح کی اولین ساعتوں سے ہی قدس کے پرانے شہر کے اندر تعینات تھیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف صہیونی گروہوں نے مسجد الاقصی پر حملے کی کالیں شائع کی ہیں۔

واضح رہے کہ صہیونیوں کی طرف سے یہودیوں کے تہوار "حنوکا" کے موقع پر مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی تیاریوں کے بعد اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے قابض صہیونیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینیوں کی طرف سے دھرنے کی کال دی تھی۔

تحریک حماس نے کہا ہے کہ صہیونی گروہ انتہائی دائیں بازو کی قابض حکومت کی کابینہ کی آڑ میں یہودیوں کے تہوار حنوکا کے موقع پر کل بروز اتوار سے مسجد اقصی پر بڑے پیمانے پر حملے کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس کا مقصد تنازعہ کو تیز کرنا اور فلسطینی عوام اور مسلم کمیونٹی کے جذبات کو بھڑکانا ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ"ہم ان جارحیتوں اور اشتعال انگیزیوں کے نتائج کے لیے قابض صہیونی ریاست کو مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں اور ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مسجد اقصی تنہا نہیں ہےاور یہ پالیسیاں اور یلغار پورے فلسطین میں حالات کے دھماکوں کا باعث بنیں گی"۔

حماس نے اس بات پر زور دیا کہ ہم بیت المقدس، مغربی کنارے اور مقبوضہ علاقوں کے عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسجد اقصی میں دھرنے کو تیز کرکے صہیونیوں کے منصوبے کا مقابلہ کریں اور ان کے خلاف جنگی محاذوں کو آگ لگائیں۔

حماس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارے لوگ ہر طرح اور کسی بھی قیمت پر الاقصی کی حفاظت کریں گے۔

اس تحریک نے مطالبہ کیا کہ عرب اور اسلامی ممالک، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے مسجد اقصی کو یہودیت کے خطرے سے بچانے کے لیے فوری سیاسی اور سفارتی کارروائی کی جائے۔

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu

لیبلز